ممبئی، 17مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سچن ہینسی کرونئے کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے ۔ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے اپنے 24 سال کے طویل کیریئر کے دوران کئی عالمی بالروں کا سامنا کیا اور وہ سب کے سب پر حاوی رہے لیکن ایک بالر ایسا بھی تھا جس سے ’’کرکٹ کا بھگوان‘‘ بھی خوف کھاتا تھا۔ سچن نے حال ہی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس راز سے پردہ اٹھایا۔ ویسے تو سچن وسیم اکرم، وقار یونس، گلین میک گراتھ، شین وارن، ایلن ڈونلڈ اورکرٹلی ایمبروز جیسے عظیم گیند بازوں کے خلاف کھیل چکے ہیں لیکن وہ ایک ایسے بولر کا سامنا کرنے سے ڈرتے تھے جس کا شاید کسی نے تصوربھی نہیں کیاہوگا۔
ماسٹر بلاسٹر نے ممبئی میں ہوئے ایک ’’پروموشنل ایونٹ‘‘ میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ہینسی کرونئے کا سامنا کرنے سے کافی گھبراتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 1989 میں جب سے میں نے کھیلنا شروع کیا تب سے کم از کم 25 عالمی بالر کا میں نے سامنا کیا لیکن جن کے خلاف بلے بازی کرنے سے میں کتراتا تھا وہ ہینسی کرونئے تھے، کسی نہ کسی وجہ سے میں ان کی گیند پر آؤٹ ہو جاتا تھا اور مجھے محسوس ہونے لگا تھا کہ میں بولنگ سرے پر کھڑا ہی اچھا ہوں، پچ پر جو بھی دوسرا بلے باز ہوتا تھا میں اس سے کہتا تھا کہ اگر گیند بازی کے لئے شان پولاک یا ایلن ڈونالڈ آئیں تو میں ان کو ہینڈل کر لوں گا لیکن کرونئے کی گیند پر اسٹرائیک تجھے ہی مبارک ہو۔160
کرونئے نے سچن تندولکر کو 32 ون ڈے میچوں میں تین بار آؤٹ کیا جبکہ 11 ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے سچن کو 5 بار پویلین کی راہ دکھائی تھی، حالانکہ کرونئے ایک پارٹ ٹائم میڈیم پیسر تھے لیکن اپنی اچھی لائن اور لینتھ سے وہ بلے بازوں کو خوب چھکاتے تھے۔ ہینسی کرونئے پر سن 2000 میں میچ فکسنگ کے الزامات کے ثابت ہونے کے بعد زندگی بھر پابندی لگا دی گئی تھی۔ انہوں نے میچ فکسنگ کی بات اور بچولیوں کے ساتھ رابطے کی بات قبول کی۔ 2002 میں وہ ہوائی جہاز حادثے میں ہلاک ہو گئے۔